05/06/2026
گوادر:::نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکریٹری ماہی گیر آدم قادربخش نے اپنے ایک بیان میں حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تمام سرحدی بارڈرز بند رکھنے کے فیصلے پر فوری نظرِ ثانی کی جائے اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ سرحدی آمد و رفت اور قانونی تجارت کو بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صنعتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع اس وقت ایندھن (فیول) کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث مشینری، زراعت، ماہی گیری، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
آدم قادربخش نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام خوراک اور دیگر ضروری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی میں بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جس کے باعث عوامی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ سرحدی تجارت کی بندش نے مقامی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے اور ہزاروں خاندانوں کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
انہوں نے حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ سیکیورٹی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے مؤثر اور متوازن اقدامات کریں جن کے ذریعے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، کاروباری سرگرمیوں کو بحال کیا جائے اور سرحدی علاقوں کے عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوامی مفاد، معاشی استحکام اور سرحدی علاقوں کی خوشحالی کے لیے قانونی سرحدی تجارت کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر اس معاملے کا جائزہ لے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔
آدم قادربخش
صوبائی سیکریٹری ماہی گیر
**نیشنل پارٹی