01/04/2026
جنوبی پنجاب میں ایک طاقتور لوپریشر سسٹم کی آمد کا امکان ہے، جس کے باعث شدید بارشیں متوقع ہیں۔ اس سسٹم کے زیر اثر جنوبی پنجاب کے اکثر علاقوں میں بارشیں ہوں گی۔ ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے ہوں گے، جہاں 2 سے 4 اپریل تک موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، ملتان، مظفرگڑھ، وہاڑی، خانیوال اور لیہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔ 2 سے 4 اپریل کے دوران، موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور آندھی کے باعث گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسی دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ متوقع ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کوہ سلیمان ڈیرہ غازی خان اور آس پاس کے علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔ شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب میں بھی نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے کیونکہ پتھروں کے گرنے کا خطرہ ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی متوقع ہے۔