06/09/2026
سابق نائب امیر اور سینئر رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس گزشتہ کچھ عرصے سے علیل ہیں۔ ان کی عیادت کے لیے امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن اور ان کے صاحبزادے ڈاکٹر عمر اظہر، منصورہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ پہنچے۔
ملاقات کے دوران حافظ محمد ادریس صاحب کی خیریت دریافت کی گئی، ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور کچھ وقت نہایت محبت، خلوص اور اپنائیت کے ساتھ ان کے ہمراہ گزارا گیا۔ اس موقع پر دینی، علمی، سیاسی اور سماجی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
حافظ محمد ادریس صاحب نے ڈاکٹر طارق سلیم کو ان کی علمی و تصنیفی خدمات پر مبارکباد دی، نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کے لیے مزید کامیابیوں اور خدمتِ دین کی دعا کی۔
حافظ محمد ادریس صاحب کی شخصیت دینی، علمی، سیاسی اور سماجی میدانوں میں طویل جدوجہد اور خدمات کی علامت ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ دینِ اسلام کی دعوت، اسلامی فکر کے فروغ، علمی و فکری رہنمائی اور معاشرے میں خیر و بھلائی کے پیغام کو عام کرنے کے لیے وقف کیا۔ ان کی جدوجہد، فکری رہنمائی اور دینی وابستگی کارکنان اور نوجوان نسل کے لیے ایک قابلِ قدر سرمایہ ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں فرماتا ہے:
وَإِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ يَشْفِينِ
ترجمہ: اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی مجھے شفا عطا فرماتا ہے۔
(سورۃ الشعراء: 80)
اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَبَشِّرِ الصَّابِرِينَ
ترجمہ: اور صبر کرنے والوں کو خوشخبری سنا دیجیے۔
(سورۃ البقرۃ: 155)
ہم اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ حافظ محمد ادریس صاحب کو اپنی کامل رحمت کے صدقے صحتِ کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، بیماری کی ہر تکلیف کو دور فرمائے، انہیں لمبی عمر، عافیت اور مزید قوت عطا فرمائے تاکہ وہ آئندہ بھی اپنی علمی، دینی اور فکری خدمات سے قوم اور ملت کی رہنمائی فرماتے رہیں۔