10/05/2026
وفاقی وزیر برائے ریلوے جناب محمد حنیف عباسی نے آج راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے "معرکۂ حق (بنیان المرصوص)" کی تاریخی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے کے سلسلے میں منعقدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان ریلویز کے افسران، ملازمین، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے افواج پاکستان کی وطن کے دفاع، بہادری اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قومی قیادت اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ “معرکۂ حق (بنیان المرصوص)" قومی اتحاد، عزم اور قربانی کی روشن مثال ہے جس میں پوری قوم نے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان ریلویز کے افسران اور ملازمین کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز نے ہنگامی اور جنگی حالات میں افواجِ پاکستان کو لاجسٹک سپورٹ، نقل و حرکت اور ضروری سامان کی بروقت ترسیل میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Pakistan Railways