20/08/2026
آج 20 اگست 2026 کو خیبر پختونخوا کے مشیر برائے زراعت، جناب میاں محمد عمر کاکاخیل نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیڈکوارٹرز، کراپ رپورٹنگ سروسز (CRS)، خیبر پختونخوا کا دورہ کیا۔
معزز مہمان کا استقبال ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ سروسز، سید الطاف احمد شاہ، نے ڈائریکٹوریٹ کے مختلف شعبہ جات، بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی، اکاؤنٹس، ٹیکنیکل اور دیگر شعبہ جات کے افسران و اہلکاروں کے ہمراہ پرتپاک انداز میں کیا۔ افسران و اہلکاروں نے معزز مہمان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو خوش آمدید کہا۔
دورے کے دوران مشیر زراعت نے CRS ہیڈکوارٹرز میں نو تزئین و آرائش شدہ اور جدید سہولیات سے آراستہ جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) لیب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ اقدام زرعی ڈیٹا کے انتظام، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور فصلوں کی جدید نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ سروسز نے معزز مہمانوں کو ڈائریکٹوریٹ کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے ادارہ جاتی ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی کے لیے جاری اقدامات، عملی سرگرمیوں، تکنیکی امور اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس دورے نے جاری اقدامات کا جائزہ لینے، CRS ٹیم کی کاوشوں کو سراہنے اور خیبر پختونخوا میں زرعی رپورٹنگ اور فیصلہ سازی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی طریقۂ کار کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم موقع فراہم کیا۔