11/06/2020
حضرت اقدس شفیق الامہ کا موجودہ حالات اور مدارس دینیہ کے اسباق شروع کرنے کے حوالے سے وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کو خط
بخدمت مجلس عاملہ،
وفاق المدارس العربیہ، پاکستان
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
موجودہ صورتحال کے حوالے سے بندہ کے دل میں چند باتیں تھیں جن کا اظہار دیانۃً بہت ضروری سمجھتا ہوں۔ امید ہے کہ تمام حضرات اِن گذارشات کو توجہ عنایت فرمائیں گے۔
کرونا نامی وبا کے نام پر دنیا بھر میں جوکچھ ہورہا ہے وہ آپ کے سامنے بے جبکہ یہ سلسلہ طویل سے طویل تر ہوتا جا رہا ہے اور فی الحال اس صورتحال سے نکلنے اور حالات کے معمول کی طرف جانے کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں، تو ہمارے لئے بہت ضروری ہے کہ ہم میڈیا، عالمی ذرائع ابلاغ، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کے بنائے ہوئے تناظر سے ہٹ کر اس صورتحال پر غور کریں اور قرآن و سنت کی روشنی میں، سلف صالحینؒ کی طرز پر اپنا رویہ تشکیل دیں۔ عالمی طاقتوں اور ذرائع ابلاغ نے اپنے دجل و فریب سے جو منظر نامہ تشکیل دے رکھا ہے کیا ہمارا من و عن اس پر ایمان لانا ضروری ہے یا ہمیں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ شریعت مطہرہ اور مومنانہ فراست و بصیرت سے قوم کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دینا چاہیئے؟
علماء کرام کو اس موقع پر نیابتِ نبوت کے اپنے منصب کا لحاظ رکھتے ہوئے پوری قوت سے وہم و وہن کے اس دجل کا پردہ چاک کرنا چاہیئے۔ ہمیں دوٹوک بتانا چاہیئے کہ ایسے مواقع پر مسلمانوں اور کافروں کے رویے میں کیا فرق ہوتا ہے۔ نیز مدارسِ دینیہ کی شکل میں قوم کی جس امانت کے ہم نگہبان ہیں اس فریضہ کی ادائیگی کا یہ وقت ہے۔ شاید ہم سب پر ہی یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ سکولوں، کالجوں اور یونی ورسٹیوں کا نظام تو آن لائن وغیرہ صورتوں میں کسی نہ کسی صورت چل ہی جائے گا مگر مدارس کا نظام تو تباہی کے دھانے پر پہنچ جائے گا۔ کیونکہ ہمارے تعلیمی و تربیتی سلسلے کی بنیاد ہی استاد و شاگرد کے براہ راست تعلق پر استوار ہے اور اس کی کوئی دوسری صورت نہیں ہو سکتی۔ لہٰذا اس وقت اپنے نظامِ تعلیم کو بچانے کیلئے جرأت مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ مدارسِ دینیہ نے سرکاری امداد سے اجتناب اس لئے ہی کیا تھا کہ ہماری آزادی و خود مختاری متاثر نہ ہو۔ لہٰذا ہمیں دوٹوک انداز میں اپنے تعلیمی سلسلے کو شروع کرنے کا اعلان کر دینا چاہیئے۔ اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے کہ ان شاء اللہ ہمارے اجتماعی فیصلے کے سامنے کوئی چیز حائل نہیں ہو سکے گی۔ اور اگر معاشرے کے دیگر کام رواں دواں ہیں تو ہمارا نظامِ تعلیم بھی بخیر و خوبی اپنا کام شروع کر سکتا ہے۔
امید ہے کہ بندہ کی ان گذارشات پر غور فرمایا جائے گا اور ملک و ملت کے مفاد میں بہترین فیصلہ کیا جائے گا۔
والسلام:
بندہ: پیرمختار الدین (کربو غہ شریف)
تاریخ۔۔۔9جون 2020
بشکریہ:مولانامحمدشیرازقاسمی