17/06/2026
محرم الحرام میں عزاداروں کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، چیئرمین اورنگی ٹاؤن جمیل ضیاء
کراچی: چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی، جمیل ضیاء کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، اسٹریٹ لائٹس، جراثیم کش اسپرے اور دیگر بلدیاتی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین جمیل ضیاء نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزادارانِ امام حسینؑ کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر چیئرمین اورنگی ٹاؤن جمیل ضیاء نے کہا کہ "عزادارانِ امام حسینؑ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اورنگی ٹاؤن انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت محرم الحرام کے دوران بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کے باہمی تعاون سے تمام جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر مؤثر انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عزاداران پرسکون اور محفوظ ماحول میں اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔
اہلِ علاقہ نے چیئرمین جمیل ضیاء کی جانب سے محرم الحرام کے انتظامات میں خصوصی دلچسپی اور بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سال عزاداران کو پہلے سے بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔