20/07/2026
الحسین پبلک ہائی سکول بچیکی میں مرحوم سر ندیم عباس ندیم کے لیے تعزیتی ریفرنس اور دعائے مغفرت
الحسین پبلک ہائی سکول بچیکی میں ممتاز ماہرِ تعلیم، مرحوم سر ندیم عباس ندیم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس اور دعائے مغفرت کا انعقاد کیا گیا، جس میں سکول کے سابقہ اور موجودہ اساتذہ کرام نے شرکت کی۔
تقریب سے رانا ضیاء الرحمٰن صاحب نے مرحوم کی تدریسی، تربیتی اور علمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صاحبزادہ جمیل احمد کوکب سیالوی صاحب نے مرحوم کی شخصیت، کردار، اخلاص، نظم و ضبط اور تعلیم کے میدان میں ان کی بے مثال خدمات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سر ندیم عباس ندیم ایک ایسے معلم تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی علم، کردار سازی اور طلبہ کی بہترین تربیت کے لیے وقف کیے رکھی۔
اس موقع پر رانا علی شہر صاحب، رانا محمد افضل صدیقی صاحب، حافظ محمد فاروق صاحب، محمد انیس صاحب، شکیل احمد غوری صاحب، محمد وقاص صاحب اور دیگر اساتذہ نے بھی مرحوم سے اپنی محبت، وابستگی اور یادوں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بااخلاق، مخلص اور فرض شناس استاد قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر سکول ہٰذا کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم صاحب نے مرحوم کے ایصالِ ثواب، بلندیٔ درجات اور کامل مغفرت کے لیے اجتماعی دعا کروائی۔ شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بے لوث خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبول عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے۔ آمین۔