06/09/2026
آئی جی پنجاب کا اہم فیصلہ، مزید 13 ٹریفک افسران بطور ڈی ایس پی ٹریفک مستقل کنفرم، کنفرم ہونے والوں میں ملتان میں تعینات 3 ٹریفک افسران کے ساتھ ساتھ ملتان سے تعلق رکھنے والے 2 ٹریفک آفیسر بھی شامل
ملتان: آئی جی پنجاب کے ایک اہم فیصلے کے تحت ٹریفک پولیس کے مزید 13 ٹریفک افسران کو بطور ڈی ایس پی ٹریفک مستقل کنفرم کر دیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس پنجاب کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ ان افسران کی کنفرمیشن 4 دسمبر 2024 سے مؤثر قرار دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ ٹریفک افسران کو پنجاب پولیس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس و سپرنٹنڈنٹس (Appointment by Promotion) سروس رولز 2020 کے رول 8(3) کے تحت مستقل کنفرم کیا گیا ہے۔
حالیہ مستقل کنفرم ہونے والے افسران میں عمر فاروق، عامر بشیر، سہیل افتخار، کاشف منیر، سعید اختر، راشد بشیر، ارم ناز، عاصم رضا، نذیر احمد، قمر رشید، مظہر الاسلام، محمد قذافی اور محمد احمد خان شامل ہیں۔
مستقل کنفرم ہونے والے افسران میں ملتان میں تعینات ڈی ایس پی سٹی سرکل نذیر احمد، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز قمر رشید اور ڈی ایس پی قذافی سرکل مظہر الاسلام کے علاوہ ملتان سے تعلق رکھنے والے ٹریفک آفیسر خانیوال محمد قذافی ڈی ایس پی اور ریجنل ٹریفک آفیسر ڈی جی خان محمد احمد خان ڈی ایس پی بھی شامل ہیں۔
ان افسران کی بطور ڈی ایس پی ٹریفک مستقل کنفرمیشن نہ صرف ان کے لیے اعزاز ہے بلکہ ملتان کے ٹریفک افسران و اہلکاروں کے لیے بھی باعثِ مسرت ہے۔
ملتان کے ٹریفک سٹاف کی جانب سے بطور ڈی ایس پی ٹریفک مستقل کنفرم ہونے والے تمام افسران کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ ٹریفک سٹاف نے افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تجربے اور محنت کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو مزید بہتر ٹریفک سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔