30/04/2026
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ڈی سی ایس ڈبلیو کے نو منتخب چیئرپرسنز میں تقرری کے احکامات تقسیم کرنے کی باوقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، چیئرپرسن ڈی سی ایس ڈبلیو خیبرپختونخوا ڈاکٹر سمیرا شمس، سیکرٹری سوشل ویلفیئر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تمام نو منتخب سربراہان کو اپنے ہاتھوں سے تقرری کے نوٹیفکیشن حوالے کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت خواتین کو درپیش مسائل کے حل، ان کے قانونی و سماجی تحفظ اور فیصلہ سازی میں ان
کی مؤثر نمائندگی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ عمران خان کے اس وژن کا اہم حصہ ہے جس میں ایک منصفانہ، بااختیار اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کو اولین ترجیح دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ خواتین کی عزت، تحفظ اور خودمختاری کے لیے مؤثر پالیسی سازی پر یقین رکھا ہے اور ڈی سی ایس ڈبلیو کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ ضلع کی سطح پر خواتین کی آواز کو مضبوط نمائندگی مل سکے۔