20/07/2026
سیاست کا رخ بدلنے کا ہنر جانتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ کارکنان تنظیمی ہدایات کو گرہ سے باندھ لیں، ڈاکٹر فاروق ستار
دشمن سے زیادہ وہ نادان دوست نقصان دہ ہے جو جوش میں ہوش کھو دے، فتنہ انگیز سوشل میڈیا صفحات کی نشان دہی کر کے بلیک لسٹ کیا جائے، ڈاکٹر فاروق ستار
یہ کسی فردِ واحد کی نہیں، قوم کی بقاء کی جنگ ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے پرچم تلے صفیں سیدھی کر لی ہیں، صبحین غوری
سوشل میڈیا پر غیر محتاط گفتگو اور بے جا تبصرے تحریک کے لیے زہرِ قاتل، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے منفی گروپس سے فوری ناطہ توڑ لیا جائے، ایم کیو ایم پاکستان
ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کا اجلاس، بڑی تعداد میں کارکنان کی شرکت، ڈیجیٹل روڈ میپ جاری
کراچی۔۔۔19جولائی2026ء
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے دورِ حاضر کے سائبر محاذ پر اپنی صفوں کو مزید منظم اور جارحانہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان کے لئے اہم ڈیجیٹل ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے، مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں شعبہ ڈیجیٹل میڈیا کے زیرِ اہتمام منعقدہ فکری اجلاس میں کراچی بھر کے ٹاؤنز یوسیز اور آئی ٹی ونگ کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں سوشل میڈیا کو جدید دور کا سب سے بڑا ہتھیار قرار دیتے ہوئے تنظیم اور قیادت کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے کو کچلنے کے لئے ایک جامع اور فول پروف ڈیجیٹل روڈ میپ کی منظوری دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے واضح کیا کہ سیاست میں نئی جہتیں اور جدید رجحانات متعارف کرانے کا سہرہ ہمیشہ ایم کیو ایم کے سر رہا ہے، اب وقت آچکا ہے کہ تمام کارکنان تنظیمی ہدایات کو حرزِ جان بنا لیں، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کچھ عناصر کی جانب سے کئے جانے والے بے جا تبصرے اور غیر محتاط گفتگو تحریک کے لئے شدید نقصان کا باعث بن رہی ہے جسے اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈاکٹر فاروق ستار نے ہدایت دی کہ اگر کسی بھی گروپ پیج یا اکاؤنٹ پر تنظیم یا کسی رہنماء کے خلاف کوئی غیر اخلاقی اور فتنہ انگیز مواد موجود ہو تو اس کا جواب دے کر وائرل کرنے کے بجائے فوری طور پر اس کی نشان دہی کی جائے، کارکنان ایسے تمام منفی گروپس سے فوری طور پر کنارہ کشی اختیار کر لیں، سوشل میڈیا بھلے سب کچھ نہ ہو مگر دورِ جدید میں بہت کچھ ہے اور اس کا تعمیری و مؤثر استعمال اب ہماری بقاء کے لئے ناگزیر ہے، سینئر مرکزی رہنماء سید امین الحق نے اہم ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد صرف اور صرف انچارج ڈیجیٹل میڈیا کی ہدایت کے مطابق سوشل میڈیا کے کارکنان کام کریں گے، مرکزی سوشل میڈیا انچارج صبحین غوری نے فکری یکسوئی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا آج کے دور کا وہ مؤثر ترین ہتھیار ہے جسے ہمیں اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر اپنانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی کسی فردِ واحد کی نہیں بلکہ پوری قوم کے وجود اور بقاء کی لڑائی ہے جس کا مرکز اب ڈیجیٹل میڈیا ہے، صبحین غوری کا کہنا تھا کہ تذبذب اور منتشر سوچ کا شکار فرد قوم اور تنظیم کے لئے زہرِ قاتل کی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کارکنان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں دشمن سے زیادہ وہ نادان دوست نقصان دہ ہوتا ہے جو نادانی میں تحریک کے بیانیے کو نقصان پہنچاتا ہے، ہم اپنے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد اور منظم ہیں، اس موقع پر سینئر مرکزی رہنماء سید امین الحق، شبیر احمد قائم خانی، اراکین سی او سی سی ارشاد ظفیر، شریف خان، ارشد حسن، جوائنٹ انچارجز سوشل میڈیا مشتاق ایاز، معاز مقدم، دانیال خان سمیت تنظیمی و انتظامی شعبہ جات کے ذمہ داران موجود تھے، اجلاس کے اختتام پر تمام کارکنان نے قیادت کے ڈیجیٹل روڈ میپ کے تحت نظم و ضبط کا دامن تھام کر ہر محاذ پر تحریک کا پرچم بلند کرنے کا عزم دہرایا۔