22/05/2026
اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے ۔ اس کے لیے کچھ ایسے مواسم کا انتخاب فرمایا ہے جن میں عبادت باقی ایام کی بہ نسبت زیادہ افضل ہوتی ہے‘انہی مواسم میں سے ذوالحجہ کے پہلے عشرہ میں عبادت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔قرآن و سنت میں اس کی بڑی فضیلت و عظمت بیان کی گئی ہے مسلمان ہمیشہ سے اس کی قدر و منزلت کا اہتمام کرتے آئے ہیں بعض اہل علم کے نزدیک ذوالحجہ کے پہلے دس دن رمضان کے آخری دس دنوں سے بھی افضل ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ’’ عشرۂ ذوالحجہ و قربانی کے احکام و مسائل ‘‘ محترم حافظ عبد الحکیم فیصل آبادی(مدیر مرکز الہدیٰ کامونکی ) کی کاوش ہے۔ فاضل مرتب نے اس کتابچہ میں عشرۂ ذی الحجہ کا معنیٰ و مفہوم اس کی اہمیت و فضیلت ،عشرۂ ذوالحجہ میں کیے جانے والے اعمال کے علاوہ قربانی کے احکام و مسائل اور قربانی کے متعلقہ بدعات و رسومات کو کتاب و سنت کی روشنی میں آسان فہم انداز میں بیان کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ فاضل مرتب کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے قارئین کے لیے نفع بخش بنائے ۔آمین(م۔ا)