30/05/2026
پوری روٹی چھین کر ایک نوالہ دے دینا سبسڈی نہیں، عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ آصف سلہریا
بجلی سبسڈی کے نظام کو سادہ، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے۔ صدر سنٹرل پنجاب
شیخوپورہ (30 مئی 2026)
شیخوپورہ میں منعقدہ یوم تاسیس کے سلسلہ میں تقریب کے دوران صدر پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب نے حکومت کی جانب سے 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مجوزہ نئے سبسڈی فارمولے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں مزید مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "پوری روٹی چھین کر ایک نوالہ دے دینا سبسڈی نہیں بلکہ عوام کے ساتھ مذاق ہے۔" حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے یوٹیلٹی بلوں کے باعث عام آدمی پہلے ہی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ ایسے میں سبسڈی کے حصول کو پیچیدہ شرائط اور تکنیکی مراحل سے مشروط کرنا عوام دشمن اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں ایسے مستحق خاندان موجود ہیں جن کے پاس اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی سہولت ہی میسر نہیں۔ اگر سبسڈی کے حصول کے لیے کیو آر کوڈ سکین کرنا یا دیگر ڈیجیٹل تقاضے لازمی قرار دیے جاتے ہیں تو اس سے سب سے زیادہ وہی طبقہ متاثر ہوگا جسے ریلیف دینے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
صدر سنٹرل پنجاب نے مطالبہ کیا کہ بجلی سبسڈی کے نظام کو سادہ، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے اور مستحق صارفین کو بغیر کسی اضافی پیچیدگی کے براہِ راست ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات میں اضافے کے بجائے حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جو حقیقی معنوں میں عام شہری کی زندگی آسان بنا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
اختر علی ملک
سیکرٹری اطلاعات
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب
Asif Sulehria Akhtar Malik Muhammad Amin Aqib