24/08/2026
*مخالفین کا پروپیگنڈا ناکام ہوگا، ایم این اے این اے 147 چوہدری افتخار نذیر، سابق ایم پی اے پی پی 210 حاجی عطا الرحمن اور ایم پی اے پی پی 209 چوہدری ضیاء الرحمن مسلم لیگ (ن) کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں*
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں چوہدری افتخار نذیر، حاجی عطا الرحمن اور چوہدری ضیاء الرحمن نے پارٹی قیادت اور جماعت کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے مخالفین کی جانب سے پھیلائی جانے والی تمام افواہوں، قیاس آرائیوں اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
چوہدری برادران نے اپنے مشترکہ بیان میں واضح کیا کہ ہم ماضی میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تھے، آج بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی اپنی جماعت، قائدین اور مرکزی قیادت کے ساتھ چٹان کی طرح مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی وابستگی کسی وقتی مصلحت، افواہ یا دباؤ کی محتاج نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہمارا تعلق نظریاتی، سیاسی اور دیرینہ ہے، جسے مخالفین کا کوئی پروپیگنڈا کمزور نہیں کر سکتا۔
چوہدری افتخار نذیر، حاجی عطا الرحمن اور چوہدری ضیاء الرحمن نے کہا کہ ہمیں اپنی پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور ہمیں اپنی جماعت اور قیادت پر فخر ہے۔ مخالفین کی جانب سے منفی سیاست کے ذریعے کارکنوں اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں پہلے بھی ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہوں گی۔انہوں نے پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پھیلائی جانے والی من گھڑت، بے بنیاد اور گمراہ کن خبروں پر کان نہ دھریں اور مسلم لیگ (ن) کی مضبوطی، اتحاد اور استحکام کے لیے متحد رہیں۔چوہدری برادران نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور پارٹی قیادت کے فیصلے ہمارے لیے مقدم اور قابلِ احترام ہیں۔ ہم اپنی قیادت کے ہر درست فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مخالفین جتنا مرضی پروپیگنڈا کرلیں، چوہدری افتخار نذیر، حاجی عطا الرحمن اور چوہدری ضیاء الرحمن کے مسلم لیگ (ن) سے تعلق میں کوئی دراڑ نہیں آسکتی۔ ہم اپنی جماعت اور قیادت کے ساتھ کل بھی کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں اور ان شاء اللہ کل بھی کھڑے رہیں گے۔