10/07/2026
پریس ریلیز
حیدرآباد: 08 جولائی 2026
ٹاسک فورس حیدرآباد کی تھانہ سخی پیر اور تھانہ راہوکی کی حدود میں مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں، جعلی سگریٹ، بھاری مقدار میں گٹکا و مین پوری کا خام مال برآمد
پولیس کارروائیوں میں آن لائن گٹکا سپلائی میں سرگرم گینگ سمیت 6 ملزمان گرفتار
ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو اور ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر سربراہ ٹاسک فورس حیدرآباد زین رضا بلوچ کی قیادت میں انسپیکٹر منیر عباسی، ایس ایچ او راہوکی سب انسپیکٹر نور شہباز رند اور ٹاسک فورس کی دیگر ٹیم نے مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی سگریٹ، گٹکا، مین پوری اور منشیات کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا۔
انسپیکٹر منیر عباسی اور دیگر ٹاسک فورس کی مشترکہ ٹیم نے تھانہ سخی پیر کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے بین الاالصوبائی جعلی سگریٹ سپلائرز گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جعلی سگریٹ کی بڑی کھیپ اور آن لائن گٹکے کی سپلائی میں سرگرم گروہ کے کارندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں گٹکے برآمد۔
ستار شاہ روڈ پر کارروائی کے دوران 24 کارٹن جعلی سگریٹ برآمد کیے گئے، جبکہ ملزم نعمان عرف سلمان میمن پولیس کو دیکھ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ فرار ملزم کے خلاف تھانہ سخی پیر میں کرائم نمبر 104/2026 بجرم دفعات 486، 485، 482، 270 اور 269 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تھانہ سخی پیر کی حدود شامداس پارک، کامیلہ روڈ کے قریب سے مزید کارروائی کے دوران آن لائن گٹکا و مین پوری کی سپلائی میں سرگرم ملزمان محمد ساجد قریشی، ثاقب آرائیں، کامران قریشی، فراز راجپوت اور جبران صدیقی کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ محمد ایاز اور معروف کھوکھر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
گرفتار و فرار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 6,300 پڑیاں گٹکے ساشے برآمد ہونے پر تھانہ سخی پیر میں کرائم نمبر 105/2026 بجرم دفعہ 8 گٹکا و مین پوری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
دوسری جانب ایس ایچ او راہوکی سب انسپکٹر نور شہباز رند اور ٹاسک فورس کی مشترکہ ٹیم نے تھانہ راہوکی کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش غلام علی ڈیٹھو کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 1 کلو 10 گرام چرس برآمد ہونے پر ملزم کے خلاف تھانہ راہوکی میں کرائم نمبر 90/2026 زیر دفعہ 9 (1) 3 (C) نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مزید مشترکہ کارروائی کے دوران گوٹھ حاجی ابراہیم کے اسکول کے قریب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 500 تیار شدہ مین پوری، 6 کٹے جن میں تقریباً 100 کلوگرام مین پوری کا خام مال اور مین پوری تیار کرنے میں استعمال ہونے والا دیگر سامان تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ ملزمان حیات ڈیتھو، اختر ڈیتھو، سروان ڈیتھو اور حکیم ڈیتھو پولیس کو آتا دیکھ کر فرار ہوگئے۔
فرار ملزمان کے خلاف تھانہ راہوکی میں کرائم نمبر 91/2026 بجرم دفعہ 8 گٹکا و مین پوری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ پولیس حیدرآباد