15/06/2026
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر دکی بازار کا تفصیلی معائنہ، متعدد دکانوں کو وارننگ جاری
15 جون 2026
ڈپٹی کمشنر دکی محمد نعیم خان کی ہدایت پر تحصیلدار دکی سردار عبدالرازق دمڑ نے فوڈ آفیسر بخت محمد کے ہمراہ دکی بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، معیار، ایکسپائری ڈیٹس، صفائی ستھرائی کی صورتحال، ہوٹلوں اور باربر شاپس کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔ مختلف دکانوں، ہوٹلوں اور باربر شاپس میں نرخناموں کی موجودگی، سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی کا جائزہ لیا گیا۔ معائنے کے دوران بعض مقامات پر صفائی کی ناقص صورتحال اور معمولی بے ضابطگیوں پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو فوری بہتری کی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ متعدد دکانداروں اور کاروباری مراکز کو وارننگ بھی دی گئی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اشیاء اور خدمات کی فراہمی، سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد اور صفائی کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔