15/05/2026
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے تحت جامعہ باچا خان کی میزبانی میں زون سی جامعات کے مابین ہاکی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں منعقد ہوئی۔ دو روزہ چیمپئن شپ میں مختلف جامعات کے ٹیمیں حصہ لے گی جبکہ مقابلے دو روز تک جاری رہیں گے۔
اس موقع پر افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر جامعہ باچا خان پروفیسر ڈاکٹر خان عالم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے افتتاحی میچ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جامعہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم نے کہا کہ جامعات میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی بھی بے حد اہمیت ہے۔ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جامعاتی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف طلبہ کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع ملتے ہیں بلکہ ایک صحت مند اور متحرک معاشرے کی تشکیل بھی ممکن ہوتی ہے۔
اجامعہ باچا خان مستقبل میں بھی اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلوں اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کو جاری رکھے گی تاکہ طلبہ کو تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔