25/02/2026
*ہائی وے پر جرائم کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات، پکٹوں میں اضافہ، تھرمل اسکوپس اور ڈرون کیمروں سے نگرانی کا فیصلہ*
ڈی آئی جی نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ عاصم خان کے زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سبی برکت علی کھوسو، ڈی آئی جی ہائی وے بلوچستان ایاز احمد بلوچ، ایس ایس پی سبی شاہنواز خان چاچڑ، ایس ایس پی نصیر آباد اسد ناصر، ایس پی کچھی معازالرحمان، ایس پی ہائی وے عبدالعزیز سرپرہ، اے ڈی آئی جی نصیرآباد علی حسن عمرانی, ایس پی اسپیشل برانچ محمد اکرم گشکوری ، پیر بخش سیلاچی و دیگر آفیسران نے شریک کی۔
اجلاس میں ہائی وے این 65 پر بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ عاصم خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہائی وے کی سیکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے:
*ہائی وے پر پولیس پکٹوں میں اضافہ کیا جائے گا اور حساس مقامات پر نئی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔*
*موٹرسائیکل اور موبائل گشت میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا تاکہ فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔*
*رات کے اوقات میں نگرانی مؤثر بنانے کے لیے تھرمل اسکوپس کا استعمال کیا جائے گا تاکہ اندھیرے میں مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو۔*
*جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے ڈرون کیمروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ وسیع علاقے کی مؤثر مانیٹرنگ ہو سکے اور جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔*
*ڈکیتی میں ملوث ملزمان کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کی جائیں گی اور ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جائیں گے*
ڈی آئی جی نصیرآباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ مسافروں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہائی وے کو محفوظ بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے سخت اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔