05/09/2026
صوابی: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا صوابی سپورٹس کمپلیکس بام خیل کا دورہ
پی ٹی آئی مرکزی سینئر رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی سپورٹس کمپلیکس بام خیل میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔
افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں فٹ سال کورٹ، کرکٹ اکیڈمی، باسکٹ بال کورٹ اور فلڈ لائٹس کی تنصیب شامل ہیں۔ یہ تمام منصوبے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر و صوبائی وزیر عاقب اللہ خان کی خصوصی کاوشوں سے منظور کیے گئے تھے۔
اسد قیصر نے سپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے تجاویز بھی لیں اور کھیلوں کی سہولیات میں مزید بہتری کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی پریمیئر لیگ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔
کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ صوابی کے عوام نے مجھے عزت دی ہے اور میری خواہش ہے کہ میں اپنے صوابی کے لوگوں کی بھرپور خدمت کرسکوں۔ میری خواہش ہے کہ یہاں امن ہو، ہمارے بچوں کو بہتر اور باعزت روزگار کے مواقع میسر آئیں اور نوجوانوں کو کھیلوں سمیت ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی میں مختلف اسپورٹس گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے۔ مانیری پایان پلے گراؤنڈ کی تعمیر، تحصیل لاہور پلے گراؤنڈ کی مرمت و بحالی، زروبی پلے گراؤنڈ کی مرمت و بحالی، پابینئ کرکٹ گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن اور کڈی اسپورٹس گراؤنڈ کی مرمت و بحالی کے لیے فنڈز منظور کیے گئے ہیں، جن پر بہت جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صوابی، اسسٹنٹ کمشنر صوابی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صوابی ،سپورٹس کوآرڈینیٹر حزیفہ ،اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔