04/06/2026
فتنہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری، برچڑئی کے پہاڑوں میں لوئر دیر پولیس کا امن دشمن عناصر کیخلاف آپریشن
ڈی پی او لوئر دیر فرقان بلال کی قیادت میں لوئر دیر پولیس نے برچڑئی کے دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب آپریشن کیا۔
آپریشن کی قیادت خود ڈی پی او لوئر دیر فرقان بلال نے کی، جبکہ 550 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں نے اس میں حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران برچڑئی اور ملحقہ پہاڑی سلسلوں کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے کر خوارج کے ممکنہ ٹھکانوں اور نقل و حرکت کے راستوں کی مؤثر نگرانی کی گئی۔
ڈی پی او لوئر دیر فرقان بلال آپریشن کے دوران فرنٹ لائن پر موجود رہے اور خود تمام کاروائی کی نگرانی کرتے ہوئے جوانوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
اس موقع پر ایس پی سی ٹی ڈی امجدخان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی، ڈی ایس پی تیمرگرہ، ایس ایچ او اوچ، ایس ایچ او تالاش، متعلقہ چوکی انچارجان،ایلٹ فورس اور لوئر دیر پولیس کے جوان شریک تھے۔ پولیس کی منظم حکمت عملی، بروقت اور مؤثر ریسپانس کے نتیجے میں امن دشمن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا، جس پر خوارج پسپا ہوگئے اور اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے۔
ڈی پی او لوئر دیر فرقان بلال نے کہا کہ لوئر دیر پولیس فتنہ الخوارج اور دیگر امن دشمن عناصر کے خلاف ہر وقت تیار اور متحرک ہے۔ ضلع میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ کے استحکام کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔