11/05/2026
خیبر پختونخوا اسمبلی کی وومن پارلیمنٹری کاکس کی جنرل باڈی کا تعارفی اجلاس ڈپٹی سپیکر و چیئرپرسن وومن کاکس ثریا بی بی کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خواتین اراکین وومن کاکس ثوبیہ شاہد, ریحانہ اسماعیل, نیلوفر بابر, ایمن جلیل, اشبر جدون, مہر سلطانہ, شازیہ طہماس, افشان حسین, ناہیدہ نور, عارفہ بی بی, مدینہ گل, فائزہ ملک کے علاوہ سیکرٹری صوبائی اسمبلی سید وقار شاہ، وومن کاکس اسٹاف اور اسمبلی کے مختلف متعلقہ شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے تمام خواتین اراکین کو خوش آمدید کہا اور وومن پارلیمنٹری کاکس کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وومن کاکس خواتین اراکین کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں سے وہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مؤثر قانون سازی میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری اسمبلی سید وقار شاہ نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی کے وژن کے مطابق ممبران اسمبلی اور اسمبلی عملے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ قائم کیا گیا ہے، جہاں جدید تربیتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تربیتی ورکشاپس اسمبلی کے اندر ہی منعقد ہوں گی تاکہ اراکین اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آسکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لاء ڈائریکٹوریٹ میں لیجسلیٹو ڈرافٹنگ سیکشن بھی قائم کیا جا رہا ہے، جو ممبران اسمبلی کو قراردادوں، کال اٹینشن نوٹسز اور دیگر پارلیمانی امور میں ضروری معاونت فراہم کرے گا۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مستقبل قریب میں وومن کاکس کی اراکین کو مختلف ممالک کی پارلیمانوں کے مطالعاتی دوروں پر بھی بھیجا جائے گا تاکہ وہ وہاں کے قانون سازی کے نظام اور کمیٹیوں کے طریقہ کار کا مشاہدہ کرسکیں اور اپنے تجربات کو خواتین کی فلاح کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرسکیں۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرپرسن وومن کاکس ثریا بی بی نے کہا کہ وومن کاکس کے آئندہ اجلاس میں اراکین کی مشاورت سے مختلف کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ خواتین سے متعلق امور پر مزید مؤثر انداز میں کام کیا جاسکے۔