03/05/2026
بنوں پولیس کی سال 2026 کے ابتدائی 120 دنوں کی کارکردگی رپورٹ جاری
بنوں: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں، یاسر آفریدی کی قیادت میں بنوںٹ پولیس نے سال 2026 کے ابتدائی 120 دنوں کے دوران جرائم کے خاتمے اور قیامِ امن کے لیے نہایت مؤثر، منظم اور نتیجہ خیز اقدامات کرتے ہوئے قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس ضمن میں جامع کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
بنوں پولیس نے دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں۔ مجموعی طور پر 73 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 16 دہشت گرد ہلاک، 18 گرفتار کیے گئے، جبکہ 27 دہشت گرد حملوں کو بروقت اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔ اس دوران 37 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
مزید برآں، پولیس نے 367 خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا اور 203 منشیات فروشوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا۔ اسی طرح 2753 افراد کے خلاف انسدادی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جبکہ ہوائی فائرنگ میں ملوث 566 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ضلع بھر میں 131 سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کامیابی سے مکمل کیے گئے، جن کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں 264 کلاشنکوف، 57 کالاکوف، 88 بندوقیں، 138 ریپیٹر، 1665 پستول اور 22,261 مختلف بور کے کارتوس شامل ہیں۔
منشیات کے خلاف جاری مہم میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں، جن کے نتیجے میں 60.760 کلوگرام چرس، 36.780 کلوگرام آئس، 1.079 کلوگرام ہیروئن اور 94 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
ڈی پی او بنوں نے اپنے عزمِ صمیم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز، پوری سختی اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بنوں کو ایک پُرامن، محفوظ اور مثالی ضلع بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل نہایت مؤثر انداز میں بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور اس قومی فریضے کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔