20/05/2026
خیبرپختونخوا پولیس کرکٹ ٹیم اور اسلامیہ کالج پشاور کرکٹ ٹیم کے مابین شہدائے پولیس کی یاد میں دوستانہ میچ کا انعقاد
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ جناب ذوالفقار حمید صاحب اور ڈی آئی جی ویلفیئر خیبرپختونخواہ پولیس شیر اکبر خان کے خصوصی ہدایات پر آج شہدائے پولیس کی یاد میں خیبرپختونخوا پولیس کرکٹ ٹیم اور اسلامیہ کالج پشاور کرکٹ ٹیم کے درمیان ایک دوستانہ ٹی-20 میچ کا انعقاد کیا گیا۔
میچ میں خیبرپختونخوا پولیس کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلامیہ کالج پشاور کی ٹیم نے 18.3 اوورز میں 101 رنز بنا کر پولیس ٹیم کو جیت کے لیے ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے گوہر علی اور وقار خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پولیس ٹیم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔
اختتامی تقریب میں اسلامیہ کالج پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر احمد الرحمٰن سلجوقی اور اے آئی جی ویلفیئر خیبرپختونخوا پولیس ظہور احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسلامیہ کالج کی ٹیم کے کپتان کو رنر اپ جبکہ خیبرپختونخوا پولیس کرکٹ ٹیم کو ونر ٹرافی پیش کی گئی۔ پولیس ٹیم کے کھلاڑی طارق خان شاندار کارکردگی کے باعث ٹاپ اسکورر اور مین آف دی میچ قرار پائے، جبکہ اسلامیہ کالج کی جانب سے سعید نمایاں اسکورر رہے۔
اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ کالج پشاور ڈاکٹر احمد الرحمٰن سلجوقی نے کہا کہ اس نوعیت کے کھیلوں کے مقابلے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ پولیس اور طلباء کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں اور نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے۔
یاد رہے کہ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں ڈائریکٹر سپورٹس اسلامیہ کالج علی ہوتی، انچارج سپورٹس خیبرپختونخوا پولیس نعیم گل، اسسٹنٹ انچارج سپورٹس آصف خان، اسسٹنٹ کرکٹ کوچ محمد تنویر اور کرکٹ کوچ حشمت علی کا کردار قابلِ تحسین رہا۔