24/08/2026
*چارسدہ میں منشیات کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن، بڑے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ، زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز*
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت چارسدہ میں منشیات کے مکروہ کاروبار کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان (PSP) نے ضلعی پولیس اور ایکسائز پولیس کو منشیات کے بڑے نیٹ ورکس، سپلائرز، ڈیلرز اور سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ اور مؤثر کارروائیوں کے واضح احکامات جاری کیے ہیں۔
ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ خان (PSP) نے کہا کہ منشیات فروش نوجوان نسل اور معاشرے کے مستقبل کے دشمن ہیں۔ منشیات کے مکروہ کاروبار میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ بڑے منشیات فروشوں اور ان کے منظم نیٹ ورک کے خلاف بلاامتیاز قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ چارسدہ میں منشیات کے کاروبار کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ منشیات فروش ہوں یا ان کے سہولت کار، قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچ سکے گا۔ منشیات کے خلاف کارروائیاں پوری قوت، تسلسل اور مؤثر حکمتِ عملی کے ساتھ جاری رہیں گی۔
چارسدہ پولیس اور ایکسائز پولیس کی جانب سے منشیات کی خرید و فروخت، ترسیل اور سپلائی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
چارسدہ پولیس شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ منشیات کے خلاف جاری مہم میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے اردگرد منشیات کی خرید و فروخت، ترسیل یا اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں۔ آپ کی بروقت اطلاع کسی نوجوان کا مستقبل تباہ ہونے سے بچا سکتی ہے۔