31/08/2026
پریس ریلیز
ہیلتھ ایمپلائز الائنس کے قیام کے حوالے سے ایپکا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا اصولی مؤقف
ایپکا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے ہیلتھ ایمپلائز الائنس کے قیام کے حوالے سے اپنے اصولی مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ہیلتھ ملازمین کے جائز حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے اور اتحاد ہی میں طاقت ہے۔
ایپکا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں صرف تین تنظیمیں نہیں بلکہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس، کلریکل/منسٹریل اسٹاف، کلاس فور، ٹیکنیکل اسٹاف، الیکٹرو میڈیکل انجینئرز اور دیگر متعدد کیڈرز موجود ہیں، جن کی اپنی اپنی نمائندہ تنظیمیں ہیں۔ لہٰذا کسی بھی آل ہیلتھ ایمپلائز الائنس کی تشکیل تمام متعلقہ تنظیموں کو اعتماد میں لیے بغیر مکمل اور مؤثر نہیں ہو سکتی۔
ایپکا نے کہا کہ ماضی میں گرینڈ ہیلتھ الائنس (GHA) کے پلیٹ فارم پر مختلف ہیلتھ کیڈرز نے مشترکہ جدوجہد کی، اس لیے اصولی طور پر پہلے سے موجود گرینڈ ہیلتھ الائنس کو بحال کیا جائے۔ اگر نئے نام سے ہیلتھ ایمپلائز الائنس تشکیل دینا مقصود ہے تو تمام متعلقہ تنظیموں کو برابر کی بنیاد پر اعتماد میں لے کر اس میں شامل کیا جائے۔
ایپکا کا مزید کہنا ہے کہ ماضی کی غلط فہمیوں اور اختلافات کو ختم کرکے تمام تنظیموں کو ایک میز پر بیٹھنا چاہیے اور ایک ایسا مضبوط، متفقہ اور جامع پلیٹ فارم تشکیل دینا چاہیے جس میں ہر کیڈر کی مؤثر نمائندگی یقینی ہو۔
ایپکا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ ہم کسی تنظیم یا کیڈر کے خلاف نہیں بلکہ تمام ہیلتھ ملازمین کے مشترکہ حقوق کے لیے متحدہ جدوجہد کے حامی ہیں۔ ذاتی یا تنظیمی مفادات سے بالاتر ہو کر تمام ہیلتھ ملازمین کے حقوق، عزتِ نفس، سروس اسٹرکچر، ترقیوں اور بہتر ہیلتھ سسٹم کے لیے ایک مضبوط اور جامع گرینڈ ہیلتھ الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔
"اتحاد سب کا، نمائندگی سب کی، جدوجہد سب کے حقوق کے لیے۔"
میڈیا کوآرڈینیٹر
ایپکا ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا
۔۔پریس ریلیز۔۔۔۔
آج پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، ینگ نرسز ایسوسی ایشن اور پراونشل پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے صوبائی نمائندگان کی میٹنگ ہوئی۔ پیرا میڈیکس ایسوسی ایشن کی نمائندگی ان کے صدر جناب مجاہد اعظم صاحب نے کی، جبکہ ینگ نرسز نرسنگ ایسوسی ایشن کی نمائندگی ان کے سرپرست اعلی جناب فضلِ مولا اور سیکرٹری جنرل جناب حضرتِ وہاب نے کی، جبکہ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی نمائندگی پروونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد زبیر ظاہر نے کی۔
محکمہ صحت میں مریضوں کی بہتری اور سسٹم میں مثبت ریفارمز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔۔۔
اس بات پر متفقہ طور پر اتفاق کیا گیا کہ ہم سب صحت کے شعبے سے وابستہ ملازمین کی بہتری اور حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے، اور ’ہیلتھ ایمپلائز الائنس‘ کے نام سے ایک نیا اتحاد تشکیل دیا گیا
یہ اتحاد ان تمام کیڈرز کے مشترکہ اور جائز حقوق کے لیے جدوجہد کرے گی۔ اگر کسی کو کوئی ایسا مسئلہ درپیش ہو جو ان کیڈرزکے لیے مشترک ہو، تو انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی تجاویز اپنے متعلقہ چیپٹرز کو پیش کریں تاکہ انہیں مطالبات میں شامل کیا جا سکے۔
اگر حکومت ان مطالبات کو تسلیم کر لیتی ہے تو یہ ایک خوش آئند اقدام ہوگا، بصورتِ دیگر یہ تمام کیڈرزمل کر احتجاج کریں گیں ۔
تمام ہیلتھ ملازمین کے لئے اتفاق اتحاد کی درخواست اور پیغام ہے۔۔۔
ترجمان ۔۔۔۔ہیلتھ ایمپلائز الائنس خیبرپختونخوا