20/08/2026
گورنر ہاؤس کے سامنے خواتین کا دھرنا، پانچویں روز بھی جاری، عوامی مسائل کے حل کا مطالبہ
گورنر ہاؤس کے سامنے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری دھرنا پانچویں روز بھی جاری رہا، جس میں خواتین نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کی۔
اس موقع پر سابقہ میٹروپالیٹن ڈسٹرکٹ ممبر پشاور، چیئرپرسن پختونخوا قومی جرگہ اور چیئرپرسن ہیومن رائٹس موومنٹ خیبرپختونخوا ناصرہ عبادت نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہیں، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی لیوی عائد کرنا عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔
ناصرہ عبادت نے کہا کہ خواتین اور عام شہری اپنے جائز حقوق اور بنیادی عوامی مسائل کے حل کے لیے پُرامن احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ عوامی آواز کو سنجیدگی سے سنے اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات پر فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے میں شریک خواتین اپنے مطالبات کے حصول تک پُرامن جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور موجودہ مہنگائی کے دور میں فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
ناصرہ عبادت نے مطالبہ کیا کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔