18/08/2022
خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کے اجلاس کا انعقاد
*دور دراز علاقوں کے صحت مراکز میں تعینات ڈاکٹرز و نرسزز کے تبادلوں سے متعلق موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ کمیٹی چئیر پرسن رابعہ بصری*
خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کی چئیر پرسن و ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ھدایت جاری کیں کہ دور دراز علاقوں کے صحت مراکز میں تعینات ڈاکٹرز و نرسزز کے تبادلوں سے متعلق سنجیدہ و موثر حکمت عملی یقینی بنائیں، تاکہ عوام کو صحت عملے کی عدم موجودگی جیسے دشواریوں کا سامنا نہ ہو۔
یہ ہدایات انھوں نے گزشتہ روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہ قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
اجلاس میں ممبران کمیٹی و ار اکین صوبائی اسمبلی شاہ فیصل خان، ریحانہ اسمٰعیل، سومی فلک ناز اور ایم پی اے شگفتہ ملک کے علاوہ سپیشل و ایڈیشنل سیکرٹریز محکمہ صحت، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، سی ای او ہیلتھ کئیر کمیشن، ایسوسی ایٹ ڈینز خیبر میڈیکل کالج و لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور، ہاسپیٹل ڈائریکٹر مردان میڈیکل کمپلیکس، ہنگو ھیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور سیکشن آفیسر محکمہ قانون سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔
اس موقع پر ایم این سی ایچ پروگرام کے تحت بھرتی کمیونٹی مڈ وائیوز، گجو خان میڈیکل کالج صوابی، ڈسٹرکٹ ہسپتال ہنگو اور پیپلز پرائمری ہیلتھ انشی ایٹوز سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شرکاء اجلاس کو بتایا گیا کہ گجوخان میڈیکل کالج صوابی کے ٹیچنگ عملے کی مستقلی سے متعلق امور صوبائی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ،پی پی ایچ آئی اور کمیونٹی میڈ وائیوز سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ اجلاس میں ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو میں درکار صحت عملے کی تعیناتی سمیت پانی کا مسئلہ فوری حل کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ضلع مانسہرہ اور ضلع ہنگو میں صحت مراکز کا جائزہ لینے کے لیے اسمبلی انتظامیہ کو دوروں کے لیے امور استوار کرنے کے لیے بھی ھدایات جاری کیں۔