30/04/2026
مظفرآباد(دی رپورٹرز آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے رہنماء و کونسلر وارڈ نمبر 35 بالا پیر سید خرم نقوی نے یومِ مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن 1886 میں شکاگو کے محنت کشوں کی تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اوقاتِ کار کے تعین اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ یومِ مئی ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔
سید خرم نقوی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے محنت کش طبقے کی نمائندہ جماعت رہی ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ آزادکشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت مزدور دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
خرم نقوی نے کہا کہ موجودہ دور میں مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث مزدور طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے، جس کے حل کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ مزدوروں کو مناسب اجرت، محفوظ کام کا ماحول اور سماجی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
سید خرم نقوی نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے قانون سازی اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تاکہ انہیں ان کا جائز حق مل سکے اور وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔
آخر میں انہوں نے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت ہی معاشی ترقی کی اصل قوت ہے اور یومِ مئی اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔