30/05/2026
انسانی ذہن منفی تجربات ذیادہ یاد رکھتا ہے:
نفسیات کی تحقیقات بتاتی ہیں کہ انسان ہر واقعہ ایک جیسا یاد نہیں رکھتا۔ جو واقعات ہمارے لیے جذباتی اہمیت رکھتے ہیں، خصوصاً وہ جو تکلیف، خوف، شرمندگی، محرومی یا گہرے دکھ سے وابستہ ہوں، وہ دماغ میں نسبتاً زیادہ مضبوطی سے محفوظ ہو جاتے ہیں۔ اسی لیے بعض یادیں برسوں گزر جانے کے باوجود ایسے محسوس ہوتی ہیں جیسے کل ہی کی بات ہو۔
عام طور پر لوگ سمجھتے ہیں کہ وقت ہر زخم بھر دیتا ہے، لیکن نفسیات یہ بتاتی ہے کہ وقت خود زخم نہیں بھرتا، بلکہ انسان کا اس واقعے کو سمجھنے، قبول کرنے اور اس کے معنی متعین کرنے کا طریقہ زخم کے اثرات کو کم یا زیادہ کرتا ہے۔ بعض اوقات ایک جملہ، ایک جگہ، ایک تصویر یا ایک خوشبو بھی پرانی یادوں کو دوبارہ زندہ کر دیتی ہے، کیونکہ دماغ جذباتی تجربات کو محض الفاظ کی صورت میں نہیں بلکہ پورے احساس کے ساتھ محفوظ کرتا ہے۔
مزے کی بات یہ ہے کہ انسان کو ہمیشہ وہ لوگ یاد نہیں رہتے جنہوں نے اسے سب سے زیادہ خوشی دی ہو، بلکہ اکثر وہ واقعات زیادہ دیر تک یاد رہتے ہیں جنہوں نے اس کے دل کو گہرا صدمہ پہنچایا ہو یعنی انسان نفسیات میں negatively biased واقع ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض لوگ برسوں بعد بھی کسی پرانی ناانصافی، ناکامی، دھوکے یا جدائی کو یاد کر کے وہی درد محسوس کرتے ہیں جو اس وقت محسوس کیا تھا۔ یا کچھ لوگ 10 دی گئی خوشیاں بھول کر صرف اس ایک تکلیف کو پکڑیں گے جو اس کو کسی نے دی ہے۔ اس کی وجہ یہی ہے انسانی ذہن خوشی کے مقابلے میں تکلیف کو ذیادہ یاد رکھتا ہے۔
تاہم نفسیات یہ بھی بتاتی ہے کہ ماضی کی تکلیف دہ یادوں سے مکمل نجات کا مطلب انہیں بھول جانا نہیں، بلکہ ان کے ساتھ ااپنے تعلق کو بدلنا ہے۔ جب انسان اپنے تجربات سے سیکھ لیتا ہے، ان کے معنی کو بہتر انداز میں سمجھ لیتا ہے اور انہیں اپنی شخصیت کی تعمیر کا حصہ بنا لیتا ہے، تو وہی یادیں جو کبھی درد کا سبب تھیں، حکمت اور بصیرت کا ذریعہ بھی بن سکتی ہیں۔
زندگی کا کمال یہ نہیں کہ انسان کے پاس کوئی تکلیف دہ یاد نہ ہو، بلکہ کمال یہ ہے کہ وہ اپنی یادوں کا قیدی بننے کے بجائے ان سے سیکھ کر آگے بڑھ سکے۔ بعض یادیں اس لیے نہیں رہتیں کہ وہ بہت بڑی تھیں، بلکہ اس لیے رہتی ہیں کہ انہوں نے ہمارے دل کو گہرائی سے چھوا تھا۔
#نفسیات
#یادیں
#جذبات