27/05/2026
پولیس لائن میرپور میں عید الاضحیٰ کے موقع پر جوانوں کے اعزاز میں بڑے کھانے کا اہتمام
ترجمان میرپور پولیس کے مطابق عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن میرپور کامران علی، ایس ایس پی میرپور خرم اقبال، ڈائریکٹر سٹیٹ ایم ڈی اے راجہ عمر طارق اور اے سی میرپور محمد حسام نے پولیس لائنز میرپور میں جوانوں کے اعزاز میں منعقدہ بڑے کھانے میں شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جوانوں کے اعزاز میں خصوصی بڑے کھانے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ڈی آئی جی ریجن میرپور نے جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی بہترین ڈیوٹی اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے جوانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا اور ان کے حوصلے کو بلند کیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی کامران علی اور ایس ایس پی خرم اقبال نے پولیس فورس کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عید کے دنوں میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔
افسران نے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے ایام میں مزید چوکس رہیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور خوش اسلوبی سے پیش آئیں تاکہ شہریوں کو بہترین پولیس سروسز فراہم کی جا سکیں۔
تقریب کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔