25/08/2026
آئے روز قیمتی جانیں چھوٹی چھوٹی اناؤں اور معمولی اختلافات کی وجہ سے ضائع ہو رہی ہیں۔ ایک شخص کے مرنے سے صرف ایک جان نہیں جاتی، مائیں اور بہنیں اجڑ جاتی ہیں، خاندان رُل جاتے ہیں۔ اور مارنے والے کے خاندان بھی اس کے بعد دربدر کی ٹھوکریں کھاتے ہیں۔ ایک لمحے کا غصہ کئی خاندانوں کی پوری زندگی برباد کر دیتا ہے۔
ہمارے ضلع منڈی بہاؤالدین میں ایسے کئی سانحات رونما ہو رہے ہیں، جن کی وجہ سے ہر دردِ دل رکھنے والا شخص پریشان اور رنجیدہ ہے۔
میں کسی دھڑے، گروہ یا سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت کے بغیر، ہر قسم کی وابستگی سے بالاتر ہو کر صرف امن، بھائی چارے اور انسانیت کا پیغام دے رہا ہوں ۔اپنے منڈی بہاؤالدین کے نوجوانوں سے ہاتھ باندھ کر عرض ہے کہ خدارا! اپنے موبائل فون کو تعلیم، ترقی، کامیابی اور رہنمائی کے لیے استعمال کریں۔ اسے ایک دوسرے کی تضحیک، کردار کشی اور نفرت انگیز بیان بازی کا ذریعہ نہ بنائیں۔
منڈی بہاؤالدین کے اوورسیز بھائیوں سے بھی خصوصی گزارش ہے کہ آپ جو محنت کی کمائی اپنے خاندانوں، رشتہ داروں اور بھائیوں کو بھیجتے ہیں، انہیں محبت، صبر اور برداشت کی تلقین بھی کریں۔ اگر کوئی تنازع یا دشمنی چل رہی ہے تو اسے بڑھانے کے بجائے ختم کرنے کی ترغیب دیں۔ آپ کی ایک مثبت بات، ایک نصیحت اور ایک فون کال شاید کسی بڑے سانحے کو روک دے۔
ہمیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی نہیں، ایک دوسرے کو سنبھالنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے نوجوان ہی ہمارے ضلع کا مستقبل ہیں؛ ان کی توانائیاں نفرت اور جھگڑوں کے بجائے علم، ہنر، کاروبار اور ترقی میں صرف ہونی چاہئیں۔
آئیں، سب مل کر دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ضلع منڈی بہاؤالدین میں امن قائم فرمائے، ہر گھر کو محفوظ رکھے، نفرتوں کو محبت میں بدل دے اور ہمیں ایک دوسرے کی جان و عزت کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔