14/06/2023
"ڈیمینشیا"
(مرجان زاہرہ)
میں ڈھونڈنا چاہتا ہوں
میں اُسے تلاش کر کے رہوں گا
ہاں وہ صحیح کہتی ہے کہ میں نے کچھ کھو دیا ہے
جس کے کھونے سے وہ ناراض ہے, وہ جاچکی
مگر کھویا کیا تھا؟
اس کے بتانے سے لگا تھا کچھ بہت قیمتی ہے
میں ہر اُس جگہ جاؤں گا اور ڈھونڈوں گا
ہر اُس جگہ جہاں میں پچھلے دو ماہ سے گیا ہوں
چیزیں رکھی, اٹھائی, بیٹھا, لیٹا اور سویا ہوں
چیزیں رکھنے سے یاد آیا۔۔۔
ڈھونڈنے کے لیے میرا اپنا کمرہ سب سے مناسب جگہ ہے
الماریاں، کتابیں، دراز، گلدان، بیگ
پرانے اخباروں کا ڈھیر، تکیے، کپڑے، جیبیں
ہر چیز جھاڑی، جھٹکی، پھیلائی
مگر میں ناکام رہا۔۔۔
پر اُس نے کہا تھا میں نے کچھ کھو دیا
جو بہت قیمتی تھا
وہ کیا چیز تھی؟ میں نام یاد نہیں کر پا رہا
ہاں مگر، مجھے یقین ہے میں دیکھتے ہی پہچان لوں گا
تو مجھے اپنی تلاش جاری رکھنی چاہئے
اس بار میں نے گھر کا کونا کونا چھان مارا
تیسری چھت پہ لگی نیلی ٹنکی کے اندر
حبس چھوڑتے پانی تک کو جھانک کر دیکھ لیا
مگر کھوئی ہوئی چیز نہیں ملی۔۔۔
اس نے کہا تھا میں جا رہی ہوں
تا کہ تم اکیلے میں اچھی طرح سوچو
اور اُسے تلاش کرو۔۔۔
مجھے اپنی ذاتی ڈائری پڑھنی چاہیے
جس میں ہر ضروری بات درج ہے
تا کہ سراغ لگا سکوں اور ہر اس جگہ کا نام ٹوٹ کر لوں
جہاں میں نے پچھلے دو ماہ سے سفر کیا
میری گلی، بس سٹاپ، گاڑیاں، شہر تک کا رستہ
سڑک سے چل کر ہسپتال کا گیٹ, اندرونی احاطہ
ہسپتال کی دوسری منزل پر وہ کمرہ جہاں میں نے
تکلیف میں کئی دن گزارے۔۔۔
مجھے ملنے آنے والے دوست اور تیماردار رشتہ دار
میں ہر جگہ گیا اور ہر ایک سے پوچھ لیا
مجھے سخت مایوسی ہوئی
مگر وہ جھوٹ نہیں بولتی
تو میں نے کیا کھو دیا ہے پھر؟
مجھے نام یاد کرنا ہوگا, اوررر زیادہ سوچنا ہو گا
نہیں، میں تھک چکا ہوں اور میرا سر چکرا رہا ہے
میرا سارا جسم کسی پھوڑے کی طرح دُکھ رہا ہے
اور اب مجھے سکون کی اشد ضرورت ہے
اب مجھے اپنی گولیوں کی شیشی تلاشنی چاہئے
تا کہ دیر تک گہری نیند سو سکوں
میں شاید دوا کو مقدار سے زیادہ کھا چکا ہوں
میری آنکھوں کے پپوٹے بھاری ہو رہے ہیں
میں کیوں بیٹھ رہا ہوں اب مجھے لیٹ جانا چاہئے
مگر۔۔۔ آہ ہ ہ۔۔۔ یہ میری دُکھتی ہوئی ٹانگیں
اب میرے جسم کا بوجھ اٹھا کر
مجھے بیڈ تک نہیں لے جا سکتی
یہ میرے کمرے میں دوسرا شخص کون ہے ؟؟
میرے بالکل سامنے، میرا ہی لباس پہنے
میں نے آئینے میں غور سے دیکھا، مگر بول نہیں سکا
پوچھ نہیں سکا وہ کون ہے؟
میں نے جانے کیا کھو دیا۔۔۔
ہاں، ہاں مجھے اُس کا نام یاد آ رہا ہے
میرے اعصاب ڈھیلے پر رہے ہیں
اسکے کہے جملے میرے سامنے ڈوب اور ابھر رہے ہیں
ہاں، مجھے یاد آ رہا ہے
نہیں، میری آنکھوں کو بند ہونے مت دو
مجھے یاد ہے، ہاں مجھے یاد آ چکا ہے
اس نے کہا تھا وہ بہار کے آغاز پر چکر لگایا کرے گی
تاکہ اپنے ہاتھوں سے لگائے پودوں پر پھول کھلتے دیکھ سکے
پر اب وہ ایسے شخص کے ساتھ رہنے کی اذیت نہیں جھیل سکتی
جو اسے مخاطب کرتے ہوئے انجانے نام پکارے
اور اسکا نام بھول چکا ہو۔۔۔
وہ دکھ میں تھی
نجانے وہ شخص کون تھا ؟
جو اسکا نام بھی یاد نہ رکھ سکا
مگر اب اسکے لگائے ہوئے پودوں کو پانی کون دے گا ؟؟
میں نے دوا کی پوری شیشی کھا لی ہے
تا کہ میں اسکے لوٹ آنے تک سویا رہوں
سب جانتے ہیں انتظار کا کرب موت ہے
آدھی موت ہو یاں پوری موت ؟ اب کیا فرق پڑتا ہے
مگر وہ کیوں گئی ؟؟؟
او ہو، میں پھر سے بھول گیا
نہیں، مجھے سب یاد ہے، اس نے کوئی وجہ نہیں بتائی
کیا یہ میں۔۔۔ ہوں ں ں۔۔۔ جو بڑبڑا رہا ہے؟؟
نہیں یہ وہ دوسرا شخص ہے, جس نے میرے کپڑے پہن رکھے تھے
دیوار پہ یہ روشن آنکھوں والی تصویر کس عورت کی ہے
بہت دھندلی ہے۔۔۔ سب کچھ دھندلا ہے
ہاں، اس نے کچھ کہا تھا۔۔۔ کیا کہا تھا ؟؟
محبت، فکر، قدر، انتظار، تڑپ
مجھے دینے کے لیے تمہارے پاس کچھ نہیں رہا
تم نے اپنی سب سے قیمتی چیز کھو دی
تم اپنا اصل بھول چکے
تم نے خود کو کھو دیا