02/06/2026
پریس ریلیز
این ایس ایف پاکستان کے سینٹرل آرگنائزر کامریڈ پرویز سلطانی کا رینالہ خورد، حجرہ شاہ مقیم اور ٹھینگ موڑ کا تنظیمی دورہ
این ایس ایف پاکستان کے سینٹرل آرگنائزر کامریڈ پرویز سلطانی نے رینالہ خورد، حجرہ شاہ مقیم اور ٹھینگ موڑ کے علاقوں کا تنظیمی دورہ کیا، جس کا مقصد نوجوانوں اور طلبہ کے درمیان نظریاتی و تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانا تھا۔ اس دورے میں رینالہ خورد سے این ایس ایف کے سرپرست سردار زین خان بھٹی، راوی سے میاں ذیشان عرف شانی پاشا، جبکہ حجرہ سے شان بھٹی اور رانا یاسر نے قیادت کی۔ دورے کے دوران پہلی میٹنگ دو چک والے پل پر منعقد ہوئی جس میں رینالہ خورد اور راوی کے ساتھیوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں تمام ساتھی حجرہ شاہ مقیم پہنچے جہاں مزید تنظیمی مشاورت کی گئی۔ اس کے بعد قافلے کی صورت میں ٹھینگ موڑ کے نواحی گاؤں میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے این ایس ایف پاکستان کے سینٹرل آرگنائزر کامریڈ پرویز سلطانی نے کہا کہ این ایس ایف ایک نظریاتی اور عوام دوست جدوجہد کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی حالات جنگل کے قانون کا منظر پیش کر رہے ہیں، جہاں ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بھوک کا شکار ہیں جبکہ دوسری طرف حکمران طبقات عوامی مسائل سے چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈال رہی ہے۔ اس صورتحال میں نوجوان نسل کو آگے بڑھ کر ملک کی قیادت اپنے ہاتھ میں لینا ہوگی اور ایک نئی، باشعور اور عوام دوست قیادت تیار کرنی ہوگی۔
اس موقع پر سردار زین خان بھٹی نے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام مسلسل ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ میاں ذیشان عرف شانی پاشا نے اپنے خطاب میں کہا کہ این ایس ایف کے نظریات اور مقاصد کو نوجوانوں تک پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور تنظیم کو مزید مضبوط اور متحرک بنایا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے نوجوانوں، طلبہ اور محنت کش عوام کے مسائل کے حل کے لیے منظم جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
جاری کردہ: ادارہ اطلاعات و نشریات این ایس ایف پاکستان
Karwan e Maoism