04/06/2025
سیکرٹری ار ٹی اے کوہاٹ شاہ وزیر کی ہدایت پر عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر ار ٹی اے ٹیم نے مسافروں سے خودساختہ اور حکومت کی مقررہ حد سے زیادہ کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ حبیب شیر کی قیادت میں ٹیم نے ایم وی ای فرہاد علی اور ایڈیشنل ٹریفک انچارج عرب جان کے ہمراہ مختلف بس اڈوں اور ٹرانسپورٹ پوائنٹس پر کریک ڈاؤن کیا۔کارروائی کے دوران کئی ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے جبکہ بعض کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ حکام کے مطابق یہ اقدام عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ناجائز منافع خوری کا سدباب کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ شہری باعزت اور مقررہ کرایوں پر سفر کر سکیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ حبیب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ نامہ تمام ٹرانسپورٹرز کے لیے لازمی ہے اور اس کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مقررہ کرایے سے زائد رقم طلب کیے جانے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ ٹرانسپورٹ یا متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن عیدالاضحی تک جاری رہے گا اور کسی کو بھی مسافروں کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔