06/09/2026
بہ تسلیمات ریجنل آفیسر انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کوہاٹ
ہینڈآؤٹ نمبر:1403 کوہاٹ مورخہ: 6 ستمبر 2026 ء
*کوہاٹ: صوبائی وزیر قانون کا شجرکاری مہم کا افتتاح: 500 زیتون کے پودے لگائے گئے، کسانوں میں 650 تقسیم*
حکومتِ خیبرپختونخوا کی شجرکاری پالیسی کے تحت کوہاٹ فاریسٹ سب ڈویژن نے گمبٹ بائی پاس روڈ پر خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے 500 زیتون کے پودے لگائے جبکہ کسانوں میں مزید 650 پودے تقسیم کئے گئے۔صوبائی وزیرِ قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم اور سابق تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال نے زیتون کے پودے لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹر فاریسٹ کوہاٹ سرکل شاہد نور، ڈی ایف او کوہاٹ وحدت ذیشان اور دیگر مقامی نمائندوں و محکمہ جنگلات کے افسران نے بھی پودے لگائے۔ تقریب میں ایس ڈی ایف او کوہاٹ، سی ڈی او کوہاٹ، مقامی عمائدین، کسانوں اور محکمہ جنگلات کے فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔ آفتاب عالم نے کہا کہ شجرکاری ماحول کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر زرعی سرگرمیوں اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ محکمہ جنگلات کے مطابق زیتون کے پودوں کی تقسیم کا مقصد علاقے میں اس فصل کی کاشت کو فروغ دینا اور کسانوں کو متبادل زرعی آمدن کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ مہم کو سرسبز ماحول کے ساتھ علاقے میں زرعی خوشحالی کے فروغ کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔
..................