01/06/2026
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید کا محکمہ داخلہ کا دورہ، مختلف امور پر اہم ہدایات جاری
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید نے عہدہ سنبھالنے کے بعد محکمہ داخلہ کا پہلا دورہ کیا، جہاں انہیں محکمہ داخلہ کے فرائض، ذمہ داریوں، انتظامی ڈھانچے، سیکیورٹی امور اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اکرم اللہ، سیکرٹری سیکیورٹی عثمان محسود، سپیشل سیکرٹری شگفتہ نوید، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس ڈاکٹر قاسم خان، ایڈیشنل سیکرٹری ایف ایس سی، ایڈیشنل سیکرٹری جیل خانہ جات عرفان اللہ محسود، گل بانو، ڈپٹی سیکرٹری جبریل رضا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران معاونِ خصوصی کو صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ معاونِ خصوصی طارق سعید نے بالخصوص جنوبی اضلاع اور نئے ضم شدہ اضلاع میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو امن و استحکام کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
بریفنگ کے دوران معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور نے فوجداری نظامِ انصاف کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے محکمہ داخلہ میں میڈیکو لیگل ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی تجویز تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے جیلوں میں زیرِ سماعت قیدیوں کی تقریباً 91 فیصد شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کو رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ کے ساتھ اٹھانے اور اس حوالے سے مؤثر اصلاحی اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے سے معاونِ خصوصی نے ہدایت کی کہ واپسی کا عمل قانون، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے اور اس دوران تمام ضروری سہولیات اور آسانیاں فراہم کی جائیں۔
انہوں نے پروبیشن سسٹم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید مؤثر، فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور نے پشاور ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے پر اس کے متن اور روح کے مطابق مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
طارق سعید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ داخلہ کو مزید فعال، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ صوبے میں امن و امان، قانون کی حکمرانی اور عوامی تحفظ کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔