27/05/2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عیدالاضحیٰ 10 ذوالحجہ 1447 ھجری (27مئی، 2026) پر تہنیتی پیغام
"اللہ تعالیٰ ہمیں اس عظیم مذہبی تہوار کی خوشیوں اور جذبہ ایثار و قربانی کی حقیقی روح سے بہرہ مند فرمائے۔ عید کا روحانی موقع اس امر کا بھی متقاضی ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنے گرد و نواح میں تنگ دست، غرباء اور مستحق افراد کا خصوصی طور پر خیال کریں اور عید کی خوشیوں میں انکو شامل حال رکھیں۔ یہ عید ہمیں عظیم الشان سنت ابراہیمی کی یاد دلاتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی حکم الٰہی کے سامنے مکمل سپردگی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت و فرمانبرداری کا روشن استعارہ ہے۔ یہ مقدس سنت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اعلی اور مقدس مقصد کے لیے اپنی جان، خواہشات اور مفادات قربان کر دینا ہی اصل میں ایمان کی معراج اور اہل وفا کا طرۂ امتیاز ہے۔ مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے واقعات میں جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانی, ہمارا قومی فخر ہے۔ جذبہ ایثار اور اتحاد و یگانگت ہی قوموں کی زندگی میں دائمی یکجہتی اور پائیدار ترقی کا ضامن ہے۔"
~وزیراعظم