14/08/2026
79ویں یومِ آزادی پر سندھ اسمبلی میں خصوصی اجلاس اور پرچم کشائی کی تقریب، چئلڈرن اینڈ ایڈولیسنٹس پارلیمنٹ کے طلباء کی شرکت
کراچی، 14 اگست 2026: صوبائی اسمبلی سندھ میں 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار خصوصی اجلاس اور پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کی۔ انہوں نے قومی پرچم لہرایا اور شرکاء کے ہمراہ ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر سندھ پولیس کے اسپیشل گارڈز و بینڈ کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب میں گورنر سندھ سید نہال ہاشمی، ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید، وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی، اور اراکینِ صوبائی اسمبلی، بشمول خواتین و اقلیتی اراکین نے بھرپور شرکت کی۔
کارروائی کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، قومی ترانے اور دعا سے ہوا۔ اسپیکر نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے حوالے سے ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے قرارداد پیش کی اور قرارداد کے حوالے سے ایوان سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے وزیرِ اعلیٰ سندھ شام سندر ادوانی، اراکینِ صوبائی اسمبلی ہیر سوہو، محمد راشد خان، مخدوم فخر زمان، صابر حسین قائم خانی، محمد آصف خان، خرم کریم سومرو، ڈاکٹر فوزیہ حمید، سعدیہ جاوید اور محمد فاروق سمیت دیگر اراکینِ سندھ اسمبلی نے اظہارِ خیال کیا۔
بعد ازاں چئلڈرن اینڈ ایڈولیسنٹس پارلیمنٹ کے نوجوان پارلیمنٹیرینز نے تقاریر کیں۔ یہ نوجوان تھر ایجوکیشن الائنس کے اقدام چئلڈرن اینڈ ایڈولیسنٹس پارلیمنٹ سے وابستہ ہیں، جو یونیسیف اور ریفارم سپورٹ یونٹ کے تعاون سے نوجوانوں کو پارلیمانی عمل، جمہوری اقدار اور اظہارِ رائے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ تقاریر کرنے والوں میں سمیہ عدنان، چیف منسٹر چئلڈرن اینڈ ایڈولیسنٹس پارلیمنٹ، زینب خان سمو، قائدِ حزبِ اختلاف، علیزہ اویس، سابق وزیر برائے ڈیٹا ڈرائیون ایڈووکیسی، مسکان ملاح، سابق اسپیکر سندھ چئلڈرن اینڈ ایڈولیسنٹس پارلیمنٹ، اور لوویٹ کمار، سابق رکن چئلڈرن اینڈ ایڈولیسنٹس پارلیمنٹ شامل تھے۔
تقاریر کے بعد شرکاء نے قومی پرچم تھام کر “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے۔
اختتامی کلمات صائمہ آغا، ہالار وسان، محمد شبیر قریشی اور امداد علی پتافی نے ادا کیے اور اسپیکر کی اس کاوش کو سراہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر نوجوانوں اور طلباء کو اپنے خیالات کے اظہار کا بھرپور موقع دیا گیا۔
یہ خصوصی اجلاس شمولیت، قومی یکجہتی اور بانیٔ پاکستان کے وژن کی عملی تصویر تھا۔ اختتامی لمحات میں اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے معزز اراکین اور مہمان طلباء کے ساتھ مل کر یومِ آزادی کا کیک کاٹا، جس سے ایوان میں جشنِ آزادی کی خوشیوں اور جذبے کو مزید جِلا ملی۔