21/07/2026
وفاقی حکومت نے ٹائم اسکیل پالیسی 2022 پر اہم وضاحت جاری کر دی
اسلام آباد: وزارتِ خزانہ، حکومتِ پاکستان نے ٹائم اسکیل پالیسی 2022 کے حوالے سے ایک اہم وضاحتی آفس میمورنڈم جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق وفاقی حکومت کے بی پی ایس 1 سے 16 تک کے سول ملازمین کو پہلا ٹائم اسکیل موجودہ مستقل (Substantive) پے اسکیل میں 10 سالہ ملازمت مکمل کرنے کے بعد دیا جائے گا۔
14 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ اسسٹنٹس جنہیں یکم جولائی 2016 سے بی پی ایس 14/15 سے بی پی ایس 16 میں ڈسپنسیشن کے تحت ترقی کا فائدہ دیا گیا تھا، وہ مقررہ مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ٹائم اسکیل کمیٹی کی سفارش اور مجاز اتھارٹی کی منظوری سے پہلے ٹائم اسکیل کے حقدار ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ نے مزید وضاحت کی ہے کہ ایکس پاکستان رخصت (Half Average Pay) پر موجود اسسٹنٹ بھی، اگر وہ مطلوبہ مدتِ ملازمت مکمل کر چکے ہوں، تو ٹائم اسکیل کمیٹی کی سفارش اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد پہلے ٹائم اسکیل کے اہل ہوں گے۔
اس وضاحتی مراسلے کا مقصد وزارتِ اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب میں ٹائم اسکیل پالیسی 2022 کے اطلاق سے متعلق ابہام دور کرنا ہے۔