12/02/2026
گوادر میں پیشہ ور گداگروں کی یلغار، محکمہ سوشل ویلفیئر متحرک، غیرمقامی گداگروں کے خلاف کارروائی کا آغاز
گوادر میں پیشہ ور گداگروں کی بڑھتی ہوئی یلغار کے خلاف محکمہ سوشل ویلفیئر حرکت میں آ گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوادر محمد عیسیٰ کی خصوصی ہدایات پر سوشل ویلفیئر آفیسر گوادر شاہ داد شاد نے گوادر پولیس کے ایس آئی عصمت بلوچ کے ہمراہ پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
کارروائی کے دوران 31 غیرمقامی گداگروں کو تحویل میں لے لیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں بوڑھے مرد و خواتین کے ساتھ نوجوان اور کمسن بچے بچیاں بھی شامل تھیں۔ بعد ازاں انہیں تحویل میں لے کر ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کرنے کا بندوبست کیا گیا۔
سوشل ویلفیئر آفیسر شاہ داد شاد کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان گداگروں کو سرکاری خرچ پر مسافر بسوں کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں روانہ کیا گیا اور انہیں تنبیہ کی گئی کہ وہ دوبارہ گوادر کا رخ نہ کریں۔
ادھر گوادر کے سماجی حلقوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ ور گداگروں کی موجودگی سے شہر کا پرامن اور مہذب ماحول متاثر ہو رہا تھا، لہٰذا ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جانی چاہئیں۔