16/04/2025
282 انٹری میں ناانصافی پر بزرگ و معتبر رہنماؤں کا شدید ردعمل عوامی عدالت کا عندیہ
سابق صوبائی وزیر سخی میر امان اللہ خان نوتیزئی، مسلم لیگ (ن) رخشان ڈویژن کے صدر و بڑیچ پینل کے بانی حاجی میر عرض محمد بڑیچ، اور بابائے چاغی پینل کے سربراہ میر داؤد خان نوتیزئی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں 282 انٹری کی تقسیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 282 انٹری کو ایک مخصوص پینل یا گروپ کو دینا چاغی کے محنت کش عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ یہ عمل ضلعی سطح پر بداعتمادی، تفریق اور استحصال کو فروغ دے گا، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چاغی کے عوام، بالخصوص نیو انٹری اور محنت کش زمباد طبقہ اور نوکنڈی انٹری والے خود کو تنہا نہ سمجھے۔ ہم ہر مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ چند افراد یا مخصوص پینل کے اشاروں پر ناچنا بند کرے دالبندین اور نوکنڈی کے انٹری پر سیاست نہیں بلکہ ان کو ان کا حق دیا جائے جو انٹری والے پہلے شامل تھے ان کو شامل کریں اور نوکنڈی میں 98 انٹری کو مکمل کیا جائے
انہوں نے واضح طور پر مطالبہ کیا ہے: 282 انٹری کی موجودہ تقسیم فوری کینسل کی جائے۔ایک نیا، شفاف اور عوامی مشاورت پر مبنی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
ہر محنت کش کو برابری کی بنیاد پر حق دیا جائے، کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو
اور اگر دو دن کے اندر مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو دالبندین پریس کلب میں "عوامی عدالت" لگائی جائے گی، اور بھرپور احتجاجی مظاہروں کا آغاز کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ چاغی 42 اقوام کا گلدستہ ہے، یہاں کسی ایک طبقے کو ترجیح دے کر باقی اقوام کی توہین نہیں کی جا سکتی۔ اگر ڈی سی چاغی نے فوری ایکشن نہ لیا تو عوام کا سمندر احتجاج کے لیے تیار ہے