05/06/2026
ضلعی انتظامیہ اپر چترال اپڈیٹ
ریشن میں اہلیانِ ریشن کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی، ایک میگاواٹ پن بجلی گھر کی فوری تعمیر اور سابقہ بجلی بلوں کی معافی (Write-off) کے مطالبات کے حق میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا جس کے دوران شاہراہ کو بھی بند رکھا گیا۔
اطلاع موصول ہوتے ہی ڈپٹی کمشنر اپر چترال جناب محمد عمران خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال عدنان حیدر ملوکی نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے۔
اس موقع پر ایس پی انویسٹیگیشن اپر چترال، سب ڈویژنل پولیس آفیسر اپر چترال، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے فوکل پرسن اور پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے نائب صدر بھی موجود تھے۔
مظاہرین کا مؤقف تھا کہ گزشتہ تین برسوں سے ریشن بجلی گھر کو پیڈو سے پیسکو کے حوالے کیے جانے، بجلی کے نرخوں میں اضافے اور بلنگ نظام سے متعلق تحفظات موجود ہیں تاہم متعدد وعدوں کے باوجود ان مسائل کا مستقل حل نہیں نکالا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخوں کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے، سابقہ بلوں کے معاملے کو حل کیا جائے اور ریشن کے عوام کے دیرینہ مطالبات کو عملی جامہ پہنایا جائے۔
مذاکرات کے دوران ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے تحریری یقین دہانی کرائی گئی کہ عوامی مطالبات کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر 18 جون تک مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو وہ دوبارہ احتجاج اور سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال نے شرکاء کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی نمائندوں کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور 18 جون سے قبل اس معاملے کے حل کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
شعبہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ
ضلعی انتظامیہ اپر چترال
PMRU Khyber Pakhtunkhwa Chief Secretary Khyber Pakhtunkhwa Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Commissioner Malakand Division