19/05/2026
بنوں: تھانہ صدر پولیس کی ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے خلاف اہم کارروائی، اقدامِ قتل اور راہزنی کی واردات میں ملوث دو ملزمان گرفتار
16 مئی 2026 کو مدعیِ مقدمہ نمبر 589 نے تھانہ صدر پولیس کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے بیان دیا کہ دو نامعلوم ملزمان اسے گندم لے جانے کے بہانے نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اس پر فائرنگ کی گئی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ ملزمان اس کا زرنج لوڈر رکشہ، موبائل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے فوری طور پر نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس پر ایس ایچ او تھانہ صدر اللہ نواز خان کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنیکل اور انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شاہ فہد ولد محمد شفیع اور رحم نواز ولد گل عباس خان سکنہ جوجی کلہ منڈان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے قبضے سے مدعی مقدمہ سے چھینا گیا زرنج لوڈر رکشہ، موبائل فون، 3 ہزار روپے نقد رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے۔