24/05/2026
یومِ تکبیر کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی سربراہی میں ایک پُروقار تقریب گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ماڈل ٹاؤن اے بہاولپور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے آغاز پر ویلکم پی ٹی شو کی خوبصورت پیشکش سر طاہر صاحب کی زیرِ نگرانی پیش کی گئی جبکہ بینڈ سلامی کی ذمہ داری سر خالد صاحب نے نہایت احسن انداز میں سرانجام دی۔ پہلی مرتبہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ماڈل ٹاؤن اے کی طالبات نے بینڈ کے ساتھ شاندار سلامی پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ اقراء مبین صاحبہ، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور تھیں۔ دیگر معزز مہمانوں میں محترم مختار احمد ملک، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن، محترمہ شہوار گل، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ایجوکیشن (فیمیل)، محترمہ شبانہ صاحبہ، ڈپٹی ڈی ای او، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ماڈل ٹاؤن اے، وائس پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سیٹلائٹ ٹاؤن، ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریسز، اساتذہ کرام، طلبہ و طالبات شریک تھے۔
تقریب کا آغاز قاری شہزاد صاحب، گورنمنٹ صادق دین ہائی اسکول کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ گورنمنٹ ہائی اسکول کینٹ کے حسین اختر نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول شہداء اے پی ایس کے جرار حسین نے یومِ تکبیر کی اہمیت پر مدلل تقریر کی جبکہ احمد ندیم نے سرائیکی ملی ترانہ پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
ملی نغمے اور ٹیبلوز میں مختلف اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ مجتبیٰ اور فراز سلیم (گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول شہداء اے پی ایس)، تطہیر فاطمہ، وجیہہ نایاب (جی جی ایچ ایس ایس کمپری ہینسو)، ہمایل فاطمہ، ایمان رشید اور فاطمہ رشید (جی جی ایچ ایس ایس سیٹلائٹ ٹاؤن)، حجاب زہرہ، آمنہ مصور (جی جی ایچ ایس مہاجر کالونی) طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔
سرائیکی بہاولپور کا خوبصورت ترانہ وائس پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سیٹلائٹ ٹاؤن اور طالباتِ جی جی ایچ ایس ایس سیٹلائٹ ٹاؤن نے پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
ٹیبلو گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ماڈل ٹاؤن اے، جی جی ایچ ایس ایس 12 بی سی اور گورنمنٹ گرلز صادق ماڈل ہائی اسکول کی طالبات نے پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب کی مجموعی ذمہ داریاں محمد بلال صاحب نے نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیں۔ سر قیصر صاحب کا کردار بھی قابلِ تحسین رہا جو ہر پروگرام میں طلبہ و طالبات کی پک اینڈ ڈراپ کو ممکن بناتے ہیں۔ اسی طرح طلبہ و طالبات کی تربیت اور رہنمائی میں شمیم اقبال، اورنگزیب صاحب اور دیگر اساتذہ بھرپور انداز میں شریک رہے۔
تقریب کو چار چاند لگانے میں اسٹیج سیکریٹری سوبیہ طلعت، جویریہ، حمزہ طاہر نے اپنے خوبصورت اور پُرجوش الفاظ کے ذریعے اہم کردار ادا کیا۔
مجموعی طور پر پروگرام انتہائی شاندار اور کامیاب رہا کیونکہ اس میں طلبہ، طالبات اور حاضرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محترم ڈی ای او صاحب نے اپنے خطاب میں یومِ تکبیر کی تاریخی اہمیت اور قومی دفاع میں اس کے کردار کو اجاگر کیا۔
آخر میں پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ماڈل ٹاؤن اے نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور انتظامی کمیٹی کا کامیاب پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی پوری ٹیم اور تمام ملازمین کے نام لے کر ان کی خدمات کو سراہا اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ یہ ان کی اعلیٰ ظرفی تھی کہ انہوں نے اپنی تقریر میں وائس پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سیٹلائٹ ٹاؤن کی خدمات کی بھی بھرپور تعریف کی اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔