13/09/2026
ہزارہ قومی محاذ کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی قائم، اسد جاوید خان سربراہ/چیرمین مقرر نوٹیفیکیشن جاری
جماعت کی تنظیمِ نو، عوامی رابطہ مضبوط بنانے اور صوبہ ہزارہ کی جدوجہد کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے گا
ایبٹ آباد (پریس ریلیز): ہزارہ قومی محاذ پاکستان کی مرکزی کابینہ نے جماعت کے وسیع تر مفاد، تنظیمی استحکام اور تحریکِ صوبہ ہزارہ کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی قائم کرتے ہوئے اسد جاوید خان کو اس کا سربراہ/چیرمین مقرر کردیا گیا جس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا
مرکزی چیئرمین ذوالقرنین خان جدون ، مرکزی صدر محمد جاوید جدون کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسد جاوید خان کو جماعت کی تنظیم سازی، تنظیمِ نو اور دیگر ضروری تنظیمی معاملات کے لیے وسیع اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔
مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی ہزارہ قومی محاذ پاکستان کو مرکزی، صوبائی، ضلعی اور نچلی سطح تک منظم اور فعال کرنے کے ساتھ عوامی رابطہ مہم کو مزید مضبوط بنائے گی۔ کمیٹی ہزارے وال عوام کے مسائل اجاگر کرنے، ان کے حل کے لیے مؤثر جماعتی حکمتِ عملی مرتب کرنے اور مختلف علاقوں میں تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے کام کرے گی۔
کمیٹی کو خصوصی طور پر صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد کو مزید منظم کرنے اور اس مقصد کے لیے آئندہ کا سیاسی، تنظیمی اور عوامی لائحہ عمل تیار کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی نوجوانوں، کارکنوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور معاشرے کے مختلف طبقات کو ہزارہ قومی محاذ پاکستان میں شامل کرنے کے لیے خصوصی رابطہ مہم شروع کرے گی۔ اس کے علاوہ آئندہ برس ہونے والے جماعتی انتخابات سے قبل تنظیمی ڈھانچے کو مکمل طور پر فعال، منظم اور انتخابات کے لیے تیار کیا جائے گا۔
مرکزی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہزارہ قومی محاذ پاکستان کو ایک مضبوط، منظم اور حقیقی عوامی نمائندہ جماعت بنایا جائے گا اور صوبہ ہزارہ کے قیام کے بنیادی مقصد کے حصول تک جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔
اجلاس میں مرکزی چیئرمین ذوالقرنین خان جدون، وائس چیئرمین اسد جاوید خان،مرکزی صدر جاوید خان، مرکزی جنرل سیکرٹری عابد خان جدون، مرکزی سیکرٹری اطلاعات بابو بشیر، آفس سیکرٹری قاسم ملک ایڈووکیٹ، مرکزی نائب صدر ضیاء خان، مرکزی نائب صدر اعجاز اعوان اور ملک طاہر ٹیپو نے شرکت کی۔
مرکزی کابینہ نے اسد جاوید خان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جماعت کو تنظیمی اور عوامی سطح پر مزید مضبوط بنانے اور تحریکِ صوبہ ہزارہ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اسد جاوید خان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے۔